ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حاملہ اورزچاؤں کیلئے ’’ماترپورنا ‘‘اسکیم کاوزیر اعلیٰ سدارامیا نے کیا افتتاح

حاملہ اورزچاؤں کیلئے ’’ماترپورنا ‘‘اسکیم کاوزیر اعلیٰ سدارامیا نے کیا افتتاح

Tue, 03 Oct 2017 11:05:30    S.O. News Service

بنگلورو،2/اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں سدارامیا حکومت نے مختلف بھاگیہ اسکیموں کو جاری کرنے کے بعد اب حاملہ خواتین اور زچاؤں کی صحت کو یقینی بنانے کے مقصد سے ان خواتین کو دوپہر کا گرم کھانا فراہم کرنے’’ماترپورنا‘‘ اسکیم کے نام سے ایک نئی اسکیم کو جاری کیا گیا ۔  گاندھی جینتی کے موقع پر اس اسکیم کو جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہاکہ اس اسکیم کو کامیاب بنانے کیلئے آنگن واڑی ورکرس اور متعلقہ افسروں پر بڑی ذمہ داری ہے۔ محکمہ ترقیات خواتین واطفال کے زیراہتمام ودھان سودھا کے ضیافتی ہال میں منعقدہ تقریب میں ماترپورنا اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حاملہ اور زچہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کے مقصد سے اس اسکیم کو جاری کیا گیا ہے ۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں کے بعد اس اسکیم کو جاری کرنے والی کرناٹک تیسری ریاست ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صحت مند حاملہ خاتون ہی صحت مند بچہ کو جنم دیتی ہے ۔ ماں کا دودھ بچہ کے لئے مفید اور صحت مند ہوتا ہے ۔ایک صحت مند ماں ہی بچہ کو اپنا دودھ پلاسکتی ہے ۔ماں کی صحت کو یقینی بنانے کے مقصد سے حکومت نے ماترپورنا اسکیم کو شروع کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت حاملہ اور دیگر تغذیہ بخش غذا فراہم کی جائے گی ۔ اس اسکیم کے تحت فی الحال 10 لاکھ مستفدین کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اسکیم کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت نے آنگن واڑی ورکرس کو ذمہ داری دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو خواتین انڈے استعمال نہیں کرتیں انہیں مٹرکے دانے فراہم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کو بھوک سے آزاد کرنے کے مقصد سے انابھاگیہ اسکیم کو جاری کیا گیا ہے ۔ ریاست کے ساڑھے چھ کروڑ آبادی میں سے چار کروڑ لوگوں کو ماہانہ فی کس 7 کے جی چاول مفت فراہم کئے جارہے ہیں۔ان کی حکومت کی شروع کردہ مختلف سرکاری اسکیموں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اسکولی بچوں کو دوپہر کا گرم کھانا دودھ اور انڈے فراہم کرنے کی اسکیم شروع کرنے سے اسکولوں میں غیر حاضری کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے ۔اس کے علاوہ ڈراپ آؤٹ میں بھی بہت کمی ہوئی ہے ۔اس تقریب میں اس اسکیم کی کامیابی کے لئے گرام پنچایت صدر اور اراکین کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء آرروشن بیگ،اوماشری ،رکن کونسل وی ایس اگرپا، ریاست کے چیف سکریٹری سبھاش چندرا ، محکمہ بہود خواتین واطفال کی پرنسپل سکریٹری اومامہادیون محکمہ صحت وخاندانی بہبود کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر شالینی رجنیش نے بھی شرکت کی ۔اس تقریب کے بعد وزیراعلیٰ سدارامیا نے منتخب حاملہ اور زچہ خواتین کو گرم کھانا فراہم کیا ۔


Share: